بھارتی تنظیم راحت فتح علی کا امریکا میں کنسرٹ کرانے والوں کے پیچھے پڑ گئی 275

بھارتی تنظیم راحت فتح علی کا امریکا میں کنسرٹ کرانے والوں کے پیچھے پڑ گئی

ھارتی فلم تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) پاکستان کے مایہ ناز گلوکار و موسیقار استاد راحت فتح علی خان کا امریکا و کینیڈا میں میوزک کنسرٹ کرنے والوں کے پیچھے پڑ گئی۔

ایف ڈبلیو آئی سی اے نے راحت فتح علی خان کا میوزک کنسرٹ کرنے والے بھارتی پروموٹرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستانی گلوکار کا میوزک کنسرٹ منسوخ کردیں۔

تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کینڈا اور امریکا کے بھارتی پروموٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تنطیم نے پہلے ہی حالیہ حالات کے پیش نظر اپنا ہدایت نامہ جاری رکھا ہے کہ اس وقت پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام نہیں کیا جا سکتا۔

بھارتی فلم و سینما تنظیم نے پروموٹرز کو درخواست کی کہ وہ راحت فتح علی خان کے میوزک کنسرٹ کو منسوخ کردیں۔

ساتھ ہی تنظیم نے پروموٹرز کو دھمکی بھی دی کہ اگر انہوں نے پاکستانی فنکار کا میوزک کنسرٹ منسوخ نہیں کیا تو کوئی بھی بھارتی فنکار و آرٹسٹ ان کے ساتھ کہیں بھی کام نہیں کرے گا۔

تنظیم نے پروموٹرز کے کنسرٹ کے اشتہارات سامنے آنے کے بعد انہیں نوٹس جاری کیا۔

پروموٹرز کی جانب سے جاری اشتہار سے پتہ چلتا ہے کہ راحت فتح علی خان آئندہ ماہ 4 اکتوبر سے 19 اکتوبر تک امریکا اور کینیڈا کے مختلف مقامات پر پرفارمنس کریں گے۔

اس سے قبل اسی تنظیم نے رواں ماہ 21 ستمبر کو بھی ایک پاکستانی پروموٹرز کے ساتھ برطانوی دارالحکومت لندن میں کام کرنے پر بھی بھارتی فنکاروں کو نوٹس بھیجا تھا۔

اس سے قبل 18 ستمبر کو بھی اسی تنظیم نے معروف گلوکار کمار سانو، ادت نارائن اور ایلکا یاگنک کو بھی ایک پاکستانی پروموٹرز کے امریکا میں ہونے والے کنسرٹ میں شرکت کرنے سے روک دیا تھا۔

تنظیم نے گلوکاراؤں کو جاری نوٹس میں کہا تھا کہ حالیہ حالات کے پیش نظر کسی بھی بھارتی فنکار کو پاکستانی پروموٹرز کے ساتھ اور کسی بھی بھارتی پروموٹرز کو پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

اس سے قبل اسی تنطیم نے رواں ماہ 11 ستمبر کو گلوکار دلجیت دسانج کو بھی پاکستانی پروموٹر کے ساتھ امریکا میں شو کرنے پر نوٹس جاری کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اپنا شو منسوخ کردیا تھا۔

گزشتہ ماہ 15 اگست کو اسی تنظیم نے گلوکار میکا سنگھ کو پاکستان میں پرفارمنس کرنے پر جھاڑا تھا اور ان پر عارضی پابندی بھی عائد کی تھی۔

میکا سنگھ کی پاکستان میں پرفارمنس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تنظیم نے اس پر پابندی عائد کی تھی جس پر گلوکار نے تنظیم سے معافی بھی مانگی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں