107

پاکستان نے سرلنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں آسانی سے ہرا دیا، تیسرا میچ بدھ کو ہوگا—

ملتان (اردو نیوز ٹائم ) دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے دی، 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 238 رنز بناسکی۔

بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا تھا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے 73رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شائقین کرکٹ سری لنکن ٹیم کو سپورٹ کرتے ہوئے- پاکستان کو پہلا نقصان امام الحق کی وکٹ کی صورت میں ہوا- وہ 31 رنز بنا کر ونندو ہسارانگا ڈی سلوا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بابر اعظم نے فخرزمان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 31 رنز جوڑے- 104 رنز پر فخر 54 رنز بناکر ونندو ہسارانگا ڈی سلواکی گیند ایسورواُدانا کو کیچ دے بیٹھے۔

بابر اعظم اور حارث سہیل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیز رفتاری سے اسکور میں اضافہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 111رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعی اسکور 215 تک پہنچادیا۔ حارث سہیل 40 کے انفرادی اسکور پر رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔
افتخار احمد نے 20 گیندوں پر ناقابل شکست 32 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم 12 اور وہاب ریاض 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، یوں پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کو 18 رنز پر پہلا نقصان اُس وقت ہوا جب سدیرا سماراوکرما صرف 6 رنز بناکر عثمان شنواری کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ مجموعی اسکور میں صرف 4 رنز کے اضافے پر دوسرے اوپننگ بیٹسمین دنشکا گوناتھلاکا 14 رنز کی اننگز کھیل کر محمد عامر کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔ نئے آنے والے بیٹسمین اوشکا فرنانڈو بغیر کھاتہ کھولے عثمان شنواری کا شکار بنے، لہیرو تھریمانے کو بھی عثمان شنواری نے صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔ آدھی ٹیم کی پویلین واپسی کے بعد شیہان جے سوریا اور داسون شناکا نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی پاکستانی بولرز کا جم کر سامنا کرتے ہوئے چھٹی وکٹ پر 177 رنز کی شاندار شراکت بناکر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنایا لیکن شیہان جے سوریا 96 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

جے سوریا کے آؤٹ ہونے کے بعد داسون شنکاکا بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 68 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر فخرزمان کو کیچ دے بیٹھے۔
دونوں بیٹسمینوں کے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکن ٹیم کی تمام امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔
ایسورو اُدانا کو عثمان شنواری نے پویلین کی راہ دکھائی، اننگز میں شنواری کی یہ پانچویں وکٹ تھی۔ لہیرو کمارا صرف ایک رن بناسکے، یوں سری لنکا کی پوری ٹیم 238 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی طرف سے عثمان خان شنواری سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے حریف ٹیم کے پانچ بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان نے دو جبکہ محمد عامر، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں