184

پاکستان نے سرلنکا کو تیسرا ون ڈے ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی—

پاکستان نے سرلنکا کو تیسرا ون ڈے ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی—

کراچی (اردو نیوز ٹائم ) پاکستان نے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو۔صفر سے اپنے نام کرلی۔ عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر عابد علی کو مین آف دی میچ جبکہ بابر اعظم کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 48 اعشاریہ 2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز فخرزمان اور عابد علی نے 123 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، عابد علی تیزرفتار 74 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے ون ڈے میں سنچری بنانے والے بابر اعظم 30 رنز پر پردیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اوپنر فخرزمان کو بھی پردیپ نے پویلین کی راہ دکھائی، وہ نسبتاً سست رفتار 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، فخرزمان نے 91 گیندوں کا سامنا کیا۔ کپتان سرفراز احمد کو 23 رنز پر لہیرو کمارا نے کلین بولڈ کیا۔ حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر 54 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد نے 22 گیندوں 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مہمان ٹیم کے کپتان لہیرو تھیریمانے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی، لیکن اوپنرز نے اُن کے فیصلے کا ساتھ نہیں دیا اور صرف 13 رنز پر اویشکا فرنانڈوصرف 4 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

اینجلو پریرا زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز کی اننگز کھیل کر عثمان شنواری کا شکار ہوگئے، منود بھنوکا نے چوتھی وکٹ کے لیے گوناتھیلاکا کا بھرپور ساتھ دیا اور 74 رنز جوڑے، بھنوکا 36 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

شیہان جے سوریا صرف 3 رنز بناسکے، اس دوران دنوشکا گوناتھیلاکانے اپنی سنچری مکمل کی، وہ 133 رنز بناکر پویلین لوٹے، ان کی سنچری میں ایک چھکا اور 16 چوکے شامل تھے۔

سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے سری لنکا کے 3 بیٹسمینوں کا شکار کیاجبکہ عثمان شنواری، وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد نواز نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں